Connect with us

News

وزیراعظم کا رحمت اللعالمین کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب

Published

on

وزیراعظم کا رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے دو روزہ بین الاقوامی رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضورﷺ کی زندگی پر لکھی گئی کتابیں پڑھنی چاہیے جنہوں نے پوری دنیا کو تبدیل کر کے رکھ دیا۔وفاقی حکومت کے زیر اہتمام کانفرنس میں سعودی عرب، عراق، ایران اور دیگر ممالک سے آنے والے مہمانوں کے علاوہ علما و مشائخ کی بڑی تعداد موجود تھی۔وزیراعظم نے خطاب کے دوران کہا کہ اللہ نے انسان کو ایک مقصد کے لیے پیدا کیا ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو رحمت للعالمین کا خطاب دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ آج بل گیٹس اور اسٹیو جابز پر لکھی گئی کتابیں پڑھی جاتی ہیں کہ وہ کیسے کامیاب ہوئے، حضورﷺ کی زندگی پر لکھی گئی کتابیں پڑھنی چاہیے جنہوں نے پوری دنیا کو تبدیل کر کے رکھ دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انڈونیشیا اور ملائشیا میں کوئی فوج نہیں گئی تھی بلکہ مسلمان تاجر گئے تھے جن کے کردار دیکھ کر وہاں کے لوگ مسلمان ہوئے، ہندوستان میں بزرگوں نے اسلام کا پیغام دیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہر چند سالوں بعد مغربی ممالک میں نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کی جاتی ہے، مسلمانوں کو غصہ آتا ہے، لوگ سڑکوں پر نکلتے ہیں اور اپنے ملک میں توڑ پھوڑ ہوجاتی ہے اس سے مسلمانوں کے دشمن پھر یہ بتاتے ہیں کہ اسلام انتشار پھیلاتا ہے اور انہیں پروپیگنڈا کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہماری نئی حکومت آئی تو ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا تاہم ہم نے ان کے منسٹر سے بات کی اور پہلی مرتبہ اس مقابلے کا انعقاد منسوخ کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اس معاملے کو او آئی سی میں بھی اٹھایا اور وہاں بات کی کہ سب کو ملکر مغرب کو یہ بات بتانی چاہیے کہ نبی ﷺ ہمارے نزدیک کتنے قابل احترام ہیں اور ہم نے اقوام متحدہ میں بھی یہ معاملہ اٹھایا جس کی تائید کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماہر قانون احمر بلال صوفی کو اپنا بین الاقوامی نمائندہ خصوصی مقرر کیا ہے جنہیں ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ مختلف ممالک میں جاکر ایک کنونشن پر دستخط کرائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ‘انٹرنیشنل کنونشن آن پریوینٹنگ دی ڈیفرمیشن آف رلیجنز پر ممالک سے کرائیں گے کہ مسلمانوں کو آزادی اظہار کے نام پر یا اس کی آڑ لے کر سوا ارب مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچائی جاسکتی۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Copyright © 2018 PAKISTAN FOCUS.